نئی دہلی،20/جون(ایس او نیوز/ایجنسی) انڈین مسلم فار سیول رائٹس (آئی-ایم-سی-آر) نے منی پور کے حالات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے -
میڈیا کوجاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں آئی ایم سی آر کے صدر اور سابق رکن پارلیمان محمد ادیب نے کہا کہ منی پور میں حالات دھماکہ خیز ہیں - اب تک 100سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں خاندان اپنے ہی ملک میں بے گھر ہو کر زندگی جینے پر مجبور ہیں - انہوں نے کہا کہ اخبارات کے ذریعے یہ پتہ چلا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے منی پور کی سرکردہ جماعتوں کے لیڈروں پر مشتمل وفد وزیراعظم سے ملاقات کی غرض سے دارالحکومت دہلی میں موجود ہے، مگر وزیراعظم کے دفتر سے تمام کوششوں کے باوجود ملاقات کا وقت نہیں دیا جا رہا ہے -
آئی ایم سی آر کا ماننا ہے کہ منی پور میں حالات مزید خراب ہوں، اس سے قبل وزیراعظم کو اپنی خاموشی کو توڑ وفد سے ملاقات کرکے حالات پر قابو پا لینا چاہیے - یہ معاملہ محض ایک ریاست میں پیدا ہوا مسئلہ بھر نہیں ہے بلکہ یہ ملک کی سلامتی سے جڑا ایک اہم معاملہ ہے جس پر وزیراعظم کی خاموشی مناسب نہیں ہے -
میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے حالات بالخصوص اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتی نفرت سخت تشویش کا سبب ہیں - تنظیم حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس مسئلے پر فوری قدم اٹھائے تاکہ حکومت کا نعرہ ”سب کا ساتھ، سب کا وشواس اور سب کا وکاس“محض ایک جملہ بن کر نہ رہ جائے -
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ ہو رہے برتاؤ اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کے مسئلے پر جولائی کے وسط میں آئی ایم سی آراورملک کی اہم سرکردہ شخصیات کو ساتھ لے کر صدر جمہوریہ ہند سے ایک وفد کی شکل میں ملاقات کرے گا-اس دوران میٹنگ میں تنظیم کی اب تک کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا - ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں تنظیم کے اہم رکن رئیس احمد کے اچانک انتقال کر جانے پر ان کیلئے فاتحہ خوانی ہوئی-
میٹنگ میں پلاننگ کمیشن کی سابق رکن محترمہ سیدہ سیدین حمید، سکریٹری مسعود حسین رضوی، سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ فضیل احمد ایوبی، ریٹائرڈ کرنل جعفری، معروف سی اے یامین قریشی، معروف ڈرامہ نگار اور صحافی عشرت جمیل اور سماجی کارکن محمد الیاس موجود تھے -